i پاکستان

اقوام متحدہ پاکستان میں ہیٹ ویو سے بچا ئوکے لیے رواں سال 8 لاکھ 29 ہزار 728 ڈالر خرچ کرے گا،رپورٹBreaking

May 17, 2025

اقوام متحدہ پاکستان میں ہیٹ ویو سے بچا ئوکے لیے رواں سال 8 لاکھ 29 ہزار 728 ڈالر خرچ کرے گا، گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ دنیا کا پانچواں ملک قرار دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (یو این او سی ایچ اے) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں ہیٹ ویو کے اثرات اور عوام میں اس سے بچنے کی آگاہی مہم پر اقوام متحدہ 2025 میں خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔ جس کے لیے ملک کے چاروں صوبوں میں مجموعی طور پر 38 اضلاع کو ہدف بنایا جائے گا، جن کی آبادی کا تخمینہ 3 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے۔یہ رقم ملک کے شہری علاقے خصوصاً سندھ میں کراچی، حیدر آباد اور سکھر اور بلوچستان میں جعفر آباد، صحبت پور اور نصیر آباد میں کمزور آبادی کے تحفظ کے لیے خرچ کی جائے گی۔

یو این او سی ایچ اے کے مطابق ہلکی سے معتدل ہیٹ ویو کا تعلق روزانہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 سے 5 دن کی مدت کے لیے ہے، جو معمول کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوتا ہے، جس سے جسمانی اور ذہنی صحت کے مسائل جیسے اموات اور اسپتال میں داخل ہونا پڑ سکتا ہے۔پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سیمتاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے اور خطے میں بدلتے موسمی حالات کے اثرات، خاص طور پر شدید سیلاب، خشک سالی اور ہیٹ ویو کا نمایاں طور پر سامنا کر رہا ہے۔ اس درجہ بندی میں شدید موسمی واقعات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی اور انسانی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے، یہ درجہ بندی اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، خاص طور پر شدید موسمی واقعات، جیسے سیلاب اور ہیٹ ویو کا نمایاں طور پر سامنا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بار بار ہیٹ ویو سے متعلق اموات کو کم کرنے کے لیے موثر پیشگی انتباہ یا آگاہی کے نظام کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں معاشی اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی