i پاکستان

کراچی، بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے اپنا گلا کاٹنے والا شخص پولیس حراست میں دم توڑ گیاBreaking

June 13, 2025

کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں گھر میں بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے اپنا گلا کاٹنے سے شدید زخمی ہونے والا شخص پولیس کی حراست میں دم توڑ گیا۔45 سالہ محمد فیصل ولد صغیر الدین نے سرجانی ٹائو ن کے علاقے یوسف گوٹھ کریمی چورنگی عبدالرحمان گورنمنٹ اسکول کے قریب گھر میں 4 جون 2025 کو اپنی اہلیہ 35 سالہ ثنا اور بیٹے 10 سالہ محمد علی قتل کیا تھا، ملزم نے ثنا کو ذبح اور بیٹے کو مبینہ طور پر زہریلی چیز پلا کر قتل کیا۔ مقتولہ 3 بچوں کی ماں تھی جبکہ گھر میں موجود دونوں بیٹیوں کو اہل محلہ نے اپنی حفاظتی تحویل میں لیکر انکے چچا کے حوالے کردیا، ایس ایچ او سرجانی محمد علی شاہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے محمد فیصل نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرنے کے بعد اپنے گلے پر بھی چھری پھیر لی تھی جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق محمد فیصل عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم جمعرات کو اسپتال والوں نے اسے ڈسچارج کر کے پولیس کے حوالے کردیا، ابتدائی طور پر انویسٹی گیشن پولیس نے اسپتال انتظامیہ پر زور دیا تھا کہ محمد فیصل تاحال تشویشناک حالت میں ہے لہذا اسے اسپتال میں ہی رکھا جائے۔پولیس نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے فیصل کو مزید اسپتال میں رکھنے سے انکار کردیا تھا جبکہ گھر والوں نے بھی پرائیویٹ اسپتال لے جانے سے منع کر دیا تھا، مجبورا انویسٹی گیشن پولیس نے ملزم محمد فیصل کو تھانے منتقل کرنا پڑا جہاں وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دم توڑ گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی