i پاکستان

محرم الحرام سکیورٹی انتظامات، محکمہ داخلہ پنجاب نے ای پورٹل متعارف کرا دیاBreaking

June 13, 2025

محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ محرم کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید ای پورٹل تشکیل دے دیا گیا ہے جس پر جلوس، مجالس، حساس مقامات سمیت تمام متعلقہ معلومات دستیاب ہوں گی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ 5 روز کے اندر اندر تمام متعلقہ معلومات ای پورٹل کے ڈیش بورڈ پر درج کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کو اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب کو کہا گیا ہے کہ وہ محرم سکیورٹی میں مدد کیلئے فوج اور رینجرز کی درکار تعداد کے بارے میں محکمہ داخلہ کو بروقت مطلع کریں۔صوبہ بھر میں حساس مقامات کی نشاندہی کر کے وہاں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ان مقامات پر موبائل سگنلز کی بندش کے حوالے سے بھی سفارشات طلب کر لی گئی ہیں۔

لائوڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور اس ضمن میں پنجاب سانڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کے اجلاس بلا کر ان پلانز کو حتمی شکل دی جائے گی۔محرم الحرام کی تقریبات کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 1 سے 10 محرم تک تمام مکاتب فکر کے پروگرامز کیلئے الگ سکیورٹی پلانز تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی لٹکتی تاروں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم جاری کیا گیا ہے، جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی نئے مقام پر جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچناہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی