i کھیل

جرمن کلب کا فلسطینیوں کیخلاف بیانات پر اسرائیلی فٹبالر سے معاہدہ نہ کرنے کا اعلانBreaking

August 06, 2025

جرمنی کے فٹبال کلب فو رچونا ڈوسلڈورف نے فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات پر اسرائیلی فٹبالر شون ویسمین سے معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جرمنی کے سیکنڈ ڈویژن کے فٹبال کلب فورچونا ڈسلڈورف نے اسرائیلی فٹبالر شون ویسمین کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ ان کے فلسطینیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر دئیے گئے متنازع اور اشتعال انگیز بیانات ہیں۔فٹبال کلب نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ انہوں نے اسرائیلی فٹبالر سے معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اعلان کلب کے شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شروع کی گئی ایک آن لائن پٹیشن کے بعد کیا گیا، جس میں اسرائیلی فٹبالر کے ماضی کے بیانات کو بنیاد بناتے ہوئے کلب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ان کے ساتھ معاہدہ نہ کرے۔شائقین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فٹبالر سے معاہدے سے کلب اور اس کے مداحوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 میں ویسمین نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر غزہ کو نقشے سے مٹانے کی حمایت میں پوسٹس کو لائیک اور شیئر کیا تھا۔ ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں اسرائیلی فٹبالر نے2 فلسطینی قیدیوں کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ انہیں سر میں گولی کیوں نہیں ماری جا رہی؟۔۔یہ تمام بیانات فٹبال کلب کے شائقین اور انتظامیہ کے لیے ناقابل قبول ثابت ہوئے، جس کے بعد کھلاڑی سے معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی