پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں عدم شرکت کے فیصلے کے حوالے سے کسی سے بات نہیں ہوئی، ہاکی انڈیا کے ساتھ نہ پہلے رابطہ تھا نہ اب کوئی رابطہ ہوا ہے۔طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ ہاکی انڈیا جو مرضی کہتی رہے جس کو مرضی دعوت دے، ہماری جگہ بنگلا دیش کو دعوت دینے کا ہمیں علم نہیں، ہمارا رابطہ ہاکی انڈیا سے نہیں بلکہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہم نے نہیں حکومت نے کرنا ہے، حکومت جو فیصلہ کرے گی وہی فیصلہ ہمارا ہو گا، حکومت پاکستان کے فیصلے کے منتظر ہیں، حکومت نے ہی اعلان کرنا ہے۔قبل ازیں ہاکی انڈیا کے آفیشل نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ہاکی ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔
ہاکی انڈیا کے آفیشل نے پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشیا کپ میں شرکت کے معاملے پر بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔ہاکی انڈیا کے آفیشل کا دعوی ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کے لیے رضا مند بھی تھے لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت سفر کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ایشیا کپ 29 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت کے شہر راج گیر میں شیڈول ہے۔ہاکی انڈیا کے آفیشل کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بدھ کو ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے سکیورٹی کی وجہ سے ایشیا کپ میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔ہاکی انڈیا کے آفیشل نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اب ہم نے بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے جبکہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی نومبر ، دسمبر میں بھارت میں ہونے والے جو نیئر ہاکی ورلڈ کپ میں بھی شرکت غیر یقینی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی