i آئی این پی ویلتھ پی کے

چین زرعی ماڈرنائزیشن زونز کی تعمیر میں پاکستان کی مدد کرے گا: ویلتھ پاکستانتازترین

September 30, 2025

چین نئے چائنا پاکستان ایکشن پلان (2025-2029) کے تحت زرعی جدید کاری کے زونز کے قیام اور بیج ٹیکنالوجی کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔ اس منصوبے میں نوجوان پاکستانی پیشہ ور افراد کو کاشتکاری کی جدید تکنیکوں کی تربیت بھی شامل ہے۔ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب دستاویز کے مطابق دونوں ممالک فصلوں کی کاشت، مویشی پالنا، آبی زراعت، زرعی پروسیسنگ، زرعی میکانائزیشن، وبائی امراض سے بچا واور کنٹرول اور بیج ٹیکنالوجی اور ڈرپ اریگیشن میں استعداد کار بڑھانے میں تعاون بڑھائیں گے۔ چینی اور پاکستانی زرعی ماہرین کو علم کے تبادلے اور تحقیقی منصوبوں میں تعاون کرنے کی بھی ترغیب دی جائے گی۔یہ منصوبہ چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے اور پاکستان کے درمیان زرعی بحالی کے تعاون کے لیے تعاون کو نمایاں کرتا ہے جس میں تجرباتی میدانوں کا قیام اور جدید کاشتکاری کے طریقوں کے لیے نمائشی منصوبے شامل ہیں۔ اس اقدام سے پیداوار کو بہتر بنانے، آبپاشی کے موثر نظام متعارف کرانے اور بڑے پیمانے پر زرعی ترقی کے لیے ماڈل فراہم کرنے کی امید ہے۔

اس شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے، منصوبہ چین میں 1000 نوجوان پاکستانی زرعی پیشہ ور افراد کو تربیت دینے کے تاریخی منصوبے کو جاری رکھنے کا عہد کرتا ہے۔ یہ تربیت پاکستانی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، سائنسی انتظامی طریقوں اور زرعی کاروبار میں اختراعات سے روشناس کرائے گی جس سے وہ پاکستان کی غذائی تحفظ اور دیہی ترقی میں براہ راست اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔دونوں حکومتوں نے زرعی تعاون کے چوتھے سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ میں طے پانے والے اتفاق رائے کو بنانے اور نئے قائم کردہ زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کا بھرپور استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے تحت تعاون کو مضبوط کیا جائے گا۔حکام نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید بنایا جائے گا بلکہ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان طویل مدتی تعاون کو تقویت دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک