i آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان کی پہلی تیار کردہ جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کپاس کی قسم سی ای ایم بی 33میں اوسط پیداوار کو تین گنا کرنے کی صلاحیت ہے : ویلتھ پاکستانتازترین

September 03, 2025

پاکستان کی پہلی مقامی طور پر تیار کردہ جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کپاس کی قسم سی ای ایم بی 33نے اوسط پیداوار کو تقریبا تین گنا کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اورموجودہ اوسط پیداوار15 من فی ایکڑ سے 40-45 من تک ہے۔پنجاب یونیورسٹی میں سنٹر فار ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی اور فور برادرز ایگری ریسرچ کمپنی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور وہاڑی میں سی ای ایم بی 33کے فیلڈ ٹرائلز نے شاندار نتائج دکھائے۔ اس قسم نے 47 سے زیادہ درجہ حرارت میں خود کو برقرار رکھنے کی نمائش کی، روایتی بیجوں کے مقابلے میں 10-15 فیصد زیادہ پیداوار حاصل کی اور بہتر فائبر کی لمبائی اور یکسانیت پیدا کی۔سی ای ایم بی 33کو 25 سال کی گہری تحقیق کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ یہ پاکستان کا پہلا مقامی طور پر انجنیئر شدہ کپاس کا بیج ہے، جس میں کیڑے کے خلاف مزاحمت، گرمی کے دبا وکو زیادہ برداشت کرنے اوروائرس کے خلاف قوت مدافعت کے لیے جدید جین ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے۔ فور برادرز ایگری ریسرچ کمپنی کے چیئرمین جاوید سلیم قریشی نے ویلتھ پاکستان کو بتایاکہ اس قسم کے متعارف ہونے سے اسمگل شدہ یا ناقص ریگولیٹڈ درآمدی بی ٹی بیجوں پر برسوں کے انحصار کا خاتمہ ہواجو اکثر پاکستان کے مشکل موسمی حالات میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کی کپاس کی پٹی، خاص طور پر سندھ میں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے دوچار ہے۔ سندھ کے تقریبا 18 اضلاع میں کپاس کی کاشت کی جاتی ہے جن میں سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، خیرپور، اور شہید بینظیر آباد نواب شاہ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں، چوٹی کے موسم کا درجہ حرارت مئی اور جولائی کے درمیان اکثر 50 تک پہنچ جاتا ہے جس سے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوتا ہے۔قریشی نے نوٹ کیاکہ روایتی اقسام کی پیداوار میں تیزی سے گرنے، پھولوں کے گرنے اور کیڑوں کے حملے کی وجہ سے تیزی سے کمی آئی ہے، یہ سب غیر متوقع موسمی حالات میں خراب ہو رہے ہیں۔ماہرین کا خیال ہے کہ سی ای ایم بی 33پاکستان کو کپاس کی پیداوار میں کھوئی ہوئی زمین کو دوبارہ حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جو ایک دہائی سے زائد عرصے سے نیچے کی طرف جا رہا ہے۔ کپاس جی ڈی پی میں تقریبا 1فیصدکا حصہ ڈالتی ہے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے ذریعے زرمبادلہ کی کمائی کا تقریبا 50فیصد، پھر بھی گرتی ہوئی پیداوار نے درآمدی کپاس پر انحصار بڑھانے پر مجبور کیا ہے -

جس سے بیرونی کھاتے پر اضافی دبا وپڑتا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے بانی ڈائریکٹر اور سابق نگراں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ این آئی اے بی ،این آئی بی جی ای جیسے اداروں کے پاس کپاس، گندم اور دیگر بڑی فصلوں کی موسمیاتی لچکدار اقسام تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔پاکستان کا اوسط درجہ حرارت پہلے ہی تقریبا 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ چکا ہے۔ کپاس اور گندم موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ شکار ہوئے ہیں۔ گرمی اور خشک سالی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے والی اقسام کی ترقی خوراک اور فائبر کی حفاظت کے لیے اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی پر وفاقی مشاورتی گروپ، جس کے وہ سربراہ ہیں، فی الحال سی ای ایم بی 33جیسے مقامی طور پر تیار کردہ جی ایم بیجوں کی کمرشلائزیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے قومی بائیو سیفٹی گائیڈ لائنز پر نظر ثانی پر کام کر رہا ہے۔ معاون ریگولیٹری فریم ورک کے بغیر، اس طرح کی پیش رفت کسانوں تک بڑے پیمانے پر نہیں پہنچ سکتی۔زرعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کامیابی کے ساتھ سی ای ایم بی 33کو متعارف کرایا گیا تو کپاس کی کاشت میں کسانوں کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے، درآمدی فائبر پر انحصار کم ہو سکتا ہے اور ملک کی مشکلات کا شکار ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بہت ضروری فروغ مل سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک