امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہاس کے قریب افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی نیشنل گارڈ کی اہلکار دم توڑ گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو گزشتہ روز فائرنگ کا نشانہ بنایاگیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ 20 سالہ سارہ بیک اسٹورم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 24 سالہ انڈریو وولف کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اس وقت اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے، ٹرمپ نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی حالت بھی نازک ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی اہلکار ملک کی خدمت کررہے ہیں لیکن غیر قانونی تارکین وطن یہاں آکر مشکلات پیدا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکام سے غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق تفصیلی بات کی ہے۔ دوسری جانب مریکی تفتیش کاروں نے وائٹ ہائو س کے قریب نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد مشتبہ حملہ آور اور اس سے منسلک دیگر افغان شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ ایف بی آئی نے ریاست واشنگٹن اور سان ڈیاگو میں کارروائی کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لی، اس حوالے سے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ وہ مشتبہ شخص کی رہائش گاہ تک بھی پہنچ چکے ہیں جہاں سے بہت سے الیکٹرانک آلات بشمول موبائل فونز، لیب ٹاپس اور آئی پیڈز کو قبضے میں لیا گیا ہے اور ان کے تجزیے کا عمل جاری ہے۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے گرفتار افغان شہری رحمان اللہ کے رشتہ داروں سے بھی تفتیش کی گئی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور واشنگٹن میں اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔دوسری جانب امریکی حکام نے 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کی تصویر جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مشتبہ حملہ آور ماضی میں افغانستان میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے لیے کام کرتا رہا ہے۔ی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور رحمان اللہ کو امریکا آنیکی اجازت ماضی میں امریکی حکومت کے لئے کام کرنے کی وجہ سے دی گئی تھی۔۔یاد رہے کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں وائٹ ہاس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا جس کی شناخت 29 سالہ رحمان اللہ کے نام سے ہوئی۔افغان شہری رحمان اللہ لکنوال 2021 میں بائیڈن کے دور صدارت میں امریکا آیا تھا۔ نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے بعد امریکا نے افغان باشندوں کی امیگریشن کی درخواستوں پر مزید کام غیر معینہ مدت تک روکنے اور بائیڈن دور میں افغانستان سے امریکا آنے والے ہر غیر ملکی کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی