اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی توثیق کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 164 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، 8 ممالک نے اس کی مخالفت کی جبکہ 9 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔اس موقع پر حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت تمام فلسطینی عوام کی خواہش ہے، آئندہ مرحلے میں دنیا حماس کا مضبوط انتظامی ڈھانچہ دیکھے گی۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت تمام فلسطینیوں کی دشمن ہے، غزہ جنگ بندی سے اب تک 400 سے زائد فلسطینی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوئے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیلی بستیوں کی منظوری کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے کوضم کرنے کی کوشش مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ امن عمل کی حمایت اور غیرقانونی سرگرمیوں کاخاتمہ چاہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی