امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ بھارت سے زرعی درآمدات خصوصا چاول پر سخت نئے ٹیرف عائد کر سکتے ہیں جبکہ وہ یوکرین جنگ ختم کرا کر ہلاکتیں روکنے کے خواہا ں ہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہائو س میں کسانوں کے لئے کثیر ارب ڈالر امدادی منصوبے کے اعلان کے دوران امریکی صدر نے بھارت اور کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیا سے گفتگو کے دوران اِنہیں بتایا گیا کہ بھارتی چاولوں کی درآمدات سے مقامی کسان بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔اس معاملے پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی درآمدات امریکی کاشتکاروں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں اور اِن کی حکومت امریکی کسانوں کو مضبوط کرنے کیلئے ٹیرف کو ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کیلئے تیار ہے۔
یوکرین کے حوالے سے انہوں نے کہا وہ یوکرین جنگ ختم کرا کر ہلاکتیں روکنے کے خواہشمند ہیں ۔ اگر امریکی انتخابات میں دھاندلی نہ ہوتی اور میں فاتح ہوتا تو یوکرین جنگ کبھی شروع نہ ہوتی، پیٹ ہیگسیتھ نے کیر یبین حملے سے متعلق جو کہا وہ صحیح تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پہلے کبھی اتنا مضبوط نہ تھا جتنا ہم نے بنایا، انہوں نے سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہمیں امریکی تاریخ کی بدترین مہنگائی ورثے میں ملی، بائیڈن دور میں کسانوں کو بری طرح کچلا گیا۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میرے دور میں زرعی مصنوعات کی فروخت ریکارڈ پر پہنچی، چین نے چالیس ارب ڈالر سے زائد کا سویا بین خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی