روس وینزویلا جانے والے آئل ٹینکر کو بچانے کیلئے کھل کر سامنے آگیا اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ بحری جہاز کا تعاقب ترک کر دے۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق روس نے سفارتی سطح پر امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ بحر اوقیانوس میں موجود وینزویلا کے آئل ٹینکر کا مسلسل پیچھا کرنا بند کرے، یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور صورتحال کو مزید کشیدہ بنا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق وینزویلا کا آئل ٹینکر جہاز بیلا ون اس وقت بحر اوقیانوس میں موجود ہے اور امریکی کوسٹ گارڈ کی گرفت سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم امریکی افواج گزشتہ تقریبا دو ہفتوں سے اس جہاز کا مسلسل تعاقب کر رہی ہیں، امریکا کا مقف ہے کہ مذکورہ ٹینکر تیل کی سمگلنگ میں ملوث ہے اور وینزویلا کے لیے غیر قانونی طور پر تیل لے جا رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق وینزویلا کے تیل کے شعبے پر دبائو بڑھانے کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چار کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں، جو وینزویلا کے آئل سیکٹر میں سرگرم ہیں، ان پابندیوں کا مقصد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر سیاسی اور معاشی دبا میں اضافہ کرنا ہے۔دوسری جانب روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت سے باز رہے اور جہاز کے تعاقب سے فوری طور پر دستبردار ہو جائے، امریکا کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی وینزویلا کے خلاف سخت پابندیاں عائد کر چکا ہے-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی