بنگلہ دیش کی معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں اپنے سفارتی عملے کی حفاظت کے حوالے سے انڈیا کے خدشات جائز ہیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کو بذریعہ ای میل دئیے گئے ایک انٹرویو میں بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بڑھتے ہوئے انڈیا مخالف جذبات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ان انتہا پسندوں کی جانب سے کیا جا رہا ہے جن کی محمد یونس کی حکومت حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔اے این آئی کے مطابق، ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی عناصر ہیں جنھوں نے انڈین سفارت خانے پر مارچ کیا اور ہمارے میڈیا دفاتر پر حملہ کیا، جو بنا کسی ڈر کے اقلیتوں پر حملہ کرتے ہیں، اور جنھوں نے مجھے اور میرے خاندان کو جان بچانے کے لیے فرار ہونے پر مجبور کیا۔
انھوں نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس پر الزام لگایا کہ انھوں نے ایسے لوگوں کو اہم عہدوں پر فائز کیا اور سزا یافتہ دہشت گردوں کو جیل سے رہا کر دیا۔شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ انھیں یہ کہتے ہوئے افسوس ہے کہ بنگلہ دیش میں اپنے سفارتی عملے کی حفاظت کے حوالے سے انڈیا کے خدشات جائز ہیں۔ ایک ذمہ دار حکومت سفارتی مشنوں کی حفاظت کرتی ہے اور انھیں دھمکیاں دینے والوں کے خلاف مقدمے چلاتی ہے۔ اس کے بجائے، یونس غنڈوں کو استثنی دیتا ہے اور انہیں جنگجو کہتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی