i بین اقوامی

بھارت میں ڈاکٹر کا مریض پر تشدد، مکوں کی برسات کر دی،ویڈیووائرلتازترین

December 23, 2025

بھارت کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے مریض پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد شدید عوامی ردِعمل سامنے آگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شملہ میں اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) کے ایک ڈاکٹر کی جانب سے مبینہ تشدد کی چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی۔ ویڈیو میں ڈاکٹر کو بیڈ پر لیٹے مریض کو تھپڑ اور مکے مارتا دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران مریض نے بھی مزاحمت کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کی شناخت ارجن پوار کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر اینڈوسکوپی کے لیے اسپتال آیا تھا۔ اینڈوسکوپی کے بعد مریض کو سانس لینے میں دشواری ہوئی، جس پر وہ ایک دوسرے وارڈ میں جا کر سانس بحال کرنے کیلئے بستر پر لیٹ گیا۔ اسی دوران اس کی ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے مبینہ طور پر تلخ کلامی ہو گئی۔

مریض کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے ارجن کے ساتھ بدتمیزی کی اور پھر تلخ بحث کے بعد اس پر جسمانی تشدد کیا۔ واقعے کے فورا بعد اسپتال میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ مریض کے اہل خانہ اور عوام نے ملزم ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ڈاکٹر کی معطلی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے اہلِ خانہ نے پولیس میں باقاعدہ شکایت بھی درج کروا دی ہے اور قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔عوامی ردِعمل کے پیش نظر آئی جی ایم سی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اندرونی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی