چین نے خلائی ماحول کے جسمانی نظام پر اثرات کا مطالعہ کرنے کیلیے خلائی اسٹیشن پر چوہوں پر تجربات کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے تحت شینژو-21 مشن کے دوران خلا میں پہلی بار چوہوں پر سائنسی تجربات کئے جائیں گے۔ یہ تجربات چین مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی نگرانی میں انجام دئیے جائیں گے۔ایجنسی کے ترجمان ژانگ جِنگ بو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چار چوہے دو نر اور دو مادہ -21 خلائی جہاز کے ذریعے چینی خلائی اسٹیشن پر بھیجے جائیں گے، جہاں انہیں مخصوص تجرباتی کیبن میں رکھا جائے گا۔ژانگ کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے جب چین کسی ممالیہ جانور پر خلا میں تجربہ کرے گا۔
اس تحقیق کا مقصد خلا کے ماحول بالخصوص مائیکرو گریوٹی اور بند خلائی ماحول کے حیوانی رویوں اور جسمانی نظام پر اثرات کا مطالعہ کرنا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مشن مکمل ہونے کے بعد، یہ چوہے ایک خصوصی واپسی خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس لائے جائیں گے، جہاں سائنس دان ان کے اعضا، بافتوں اور حیاتیاتی ردِعمل میں خلا سے متعلق تبدیلیوں کا تجزیہ کریں گے۔شینژو-21 خلائی جہاز کو ج جمعہ کی رات 11:44 بجے (بیجنگ وقت) شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا۔اس مشن میں چینی خلاباز ژانگ لو، وو فی اور ژانگ ہونگ ژانگ شامل ہوں گے، جو اپنے قیام کے دوران 27 نئے سائنسی اور تحقیقی منصوبے مکمل کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی