i بین اقوامی

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے  مزید4 فلسطینی شہید، سردی سے 11 بچے دم توڑ گئے، درجنوں فلسطینی گرفتارتازترین

January 29, 2026

صیہونی فوج کے غزہ میں زمینی اور فضائی حملے جاری ،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی بربریت میں 4 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ شدید سردی کے باعث 24 گھنٹے میں 11 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی انتظامی ذمہ داریاں ایک فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے حوالے کرنیکیلئے تیار ہے، تاہم رفح سرحدی گزرگاہ کو آئندہ چند دنوں میں مکمل طور پر کھولا جائے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا کہ غزہ میں اقتدار کی منتقلی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، فائلیں تیار ہیں اور مختلف شعبوں میں اختیارات کی منتقلی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں، ان کے مطابق غزہ کی مکمل سول انتظامیہ ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ 15 رکنی نیشنل کمیٹی فار ایڈمنسٹریشن آف غزہ (NCAG) امریکی سرپرستی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت قائم کی گئی ہے، جو 10 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہے، یہ کمیٹی جنگ کے بعد غزہ کے روزمرہ انتظامی امور چلائے گی اور ایک اعلی نگران بورڈ کے تحت کام کرے گی، جس کی سربراہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔

کمیٹی کے سربراہ اور فلسطینی اتھارٹی کے سابق نائب وزیر علی شعث کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ رفح بارڈر کھلتے ہی غزہ میں داخل ہوں گے، حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ رفح گزرگاہ دونوں سمتوں میں مکمل آزادی کے ساتھ کھولی جائے اور اس میں اسرائیلی رکاوٹیں شامل نہ ہوں۔واضح رہے کہ رفح بارڈر مئی 2024 سے بند ہے، حماس کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے لیے تیار ہے اور دوسرے مرحلے کے تمام نکات پر بات چیت کے لیے آمادہ ہے۔ ادھر حماس عہدیدار حسام بدران نے کہا کہ پہلے مرحلے کی جنگ بندی ک تمام شرائط پوری کی گئی ہیں، اسرائیل رفاہ کراسنگ کھولنے اور قبضہ شدہ علاقوں سے انخلا میں تاخیر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے فوری نفاذ اور غزہ کی بحالی کیلئے امداد کی ترسیل کی ضروری ہے۔ دوسری جانب امریکا نے غزہ کی غیر فوجی کارروائی کا منصوبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کا کسی بھی صورت حکومتی کردار قبول نہیں۔

امریکی مندوب کے مطابق غزہ میں تمام سرنگیں اور اسلحہ ساز فیکٹریاں تباہ ہوں گی، بین الاقوامی مبصرین غزہ میں اسلحہ تلفی کے عمل کی نگرانی کریں گے، غزہ میں اسلحہ ضبطی کیلئے عالمی سطح پر بائی بیک پروگرام پر غور جاری ہے۔امریکی منصوبے کے تحت حماس کے ہتھیار ڈالنے پر مرحلہ وار اسرائیلی انخلا ہوگا، غزہ میں بین الاقوامی سٹیبلائزیشن فورس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امریکی فوجی جنرل کی قیادت میں فورس امن و استحکام قائم کرے گی، امریکا، مصر اور قطر جنگ بندی کے ضامن ہوں گے۔دوسری جانب روس اور چین نے امریکی قرارداد پر اقوام متحدہ میں احتجاج کیا اور ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے سے گریز کیا۔ دریں اثنا غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی بربریت میں 4 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ شدید سردی کے باعث 24 گھنٹے میں 11 بچے جان کی بازی ہار گئے۔عرب میڈیا کے مطابقمجموعی طور پر 71 ہزار 662 شہادتیں اور ایک لاکھ 71 ہزار 428 زخمی ہوئے ہیں ، اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔صیہونی فورسز نے الخلیل، قلقیلیہ، بیت لحم اور نابلس سے درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی