i بین اقوامی

کابل، منشیات اورشراب سمگلنگ پر طالبان نے 11 مجرموں کو سرعام کوڑے مار دیئےتازترین

December 23, 2025

افغانستان میں منشیات اور شراب سمگلنگ پر طالبان نے 11 مجرموں کو سرعام کوڑے مار دیئے۔مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان افراد کی سزائیں سپریم کورٹ میں بھی برقرار رکھی گئی تھیں جس کے بعد ان پر عملدرآمد کردیا گیا، جن مجرمان کو سرعام کوڑے لگائے گئے ان پر نشہ آور گولیوں، میتھامفیٹامین، شراب اور چرس کی سمگلنگ اور فروخت کرنے کے الزامات ناصرف ثابت ہوئے بلکہ ملزمان نے اعتراف جرم بھی کیا تھا۔عدالتی فیصلے کے تحت ہر فرد کو جرم کی نوعیت کے اعتبار سے کم از کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 30 کوڑے مارے گئے جبکہ ان مجرمان کو 7 ماہ سے لیکر 3 سال تک قید کی سزا بھی دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ امیر طالبان ملا ہبت اللہ کی ہدایت پر قتل اور منشیات سمگلنگ کے مجرمان کو سزائیں دینے کا عمل تیز کیا گیا ہے، صرف گزشتہ تین ماہ کے دوران ہی ملک بھر میں کم از کم 346 افراد کو مختلف جرائم میں کوڑوں کی سزا سرعام دی جا چکی ہے۔ادھر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سرعام جسمانی سزائیں بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں سے متصادم ہیں اور ان سے معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو فروغ ملتا ہے۔دوسری جانب طالبان حکومت کا موقف ہے کہ یہ سزائیں اسلامی قوانین کے تحت معاشرے میں جرائم کے خاتمے اور نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے ضروری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی