لبنان نے امریکا سے اسرائیلی حملے بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر جوزف عون نے یہ مطالبہ گزشتہ روز امریکی ایلچی موگن ٹاگِس سے ملاقات کے دوران کیا۔امریکی ایلچی موگن ٹاگِس سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے لبنانی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی معاہدے کو مانیٹر کرنے والی کمیٹی کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے خصوصا اسرائیل کی جانب سے جاری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جوزف عون نے زور دے کر کہا کہ جنوبی لبنان کے بے گھر ہو نے والے شہریوں کو اپنے گھروں میں واپسی کا حق ملنا چاہئے اور وہ اسی طرح ممکن ہے کہ اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں روکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سردیوں میں لوگوں کا خیموں میں زندگی بسر کرنا مشکل ہوگا اس لئے لازم ہے کہ وہ واپس اپنے گھروں کو جا ئیں اور اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو چکے مکانوں کی تعمیر و مرمت کو بھی ممکن بنائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی