i بین اقوامی

مغرب مضبوط سلامتی کی ضمانت دے، یوکرین نیٹو رکنیت کی خواہش ترک کرنے کو تیار ہے،صدر زیلنسکیتازترین

December 15, 2025

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک نیٹو کی رکنیت کی خواہش ترک کرنے کو تیار ہے بشرطیکہ مغربی ممالک مضبوط سلامتی کی ضمانتیں فراہم کریں۔صدر زیلنسکی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیشکش کو یوکرین کی جانب سے ایک رعایت اور سمجھوتہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ برسوں میں نیٹو کی رکنیت کو مستقبل میں روس کے حملوں کے خلاف مضبوط ترین دفاع سمجھا جاتا رہا ہے اور شروع سے ہی یوکرین کی نیٹو میں شامل ہونے کی خواہش بھی تھی لیکن امریکا اور کچھ یورپی شراکت دار اس کی حمایت نہیں کرتے۔زیلنسکی نے کہاکہ ضمانتیں قانونی طور پر قابل عمل ہونی چاہئیں اور یہ پیشکش یوکرین کی جانب سے ایک اہم سمجھوتہ ہے۔ زیلنسکی نے اپنی زمین چھوڑنے سے متعلق خبروں کو مسترد کیا اور واضح کیا کہ وہ امن اور ایسی ضمانت چاہتے ہیں جس کے تحت روس دوبارہ حملہ نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرینی شہروں اور اہم بنیادی ڈھانچوں پر مسلسل حملوں سے جنگ کو طول دیا ہے اور یہ تنازعہ یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے مہلک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی