امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس میں اپنے ریپبلکن ساتھیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سزا یافتہ اور آنجہانی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلوں کے اجرا کے حق میں ووٹ دیں، جو اس معاملے پر ان کی پہلے کی مخالفت کے برعکس ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ کی یہ پوسٹ ٹروتھ سوشل پر اس وقت سامنے آئی، جب ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ایپسٹین کیس میں محکمہ انصاف کی دستاویزات کو جاری کرنے کے حق میں ووٹ ٹرمپ کے حوالے سے ان الزامات کو ختم کرنے میں مدد دے گا، جن میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا ایپسٹین کے کم عمر لڑکیوں کے استحصال اور اسمگلنگ سے کوئی تعلق تھا۔ٹرمپ نے اتوار کی شب لکھا کہ ایوان کے ریپبلکنز کو ایپسٹین فائلز کے اجرا کے لیے ووٹ دینا چاہیے، کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ڈیموکریٹ دھوکے سے آگے بڑھا جائے، جو ریڈیکل لیفٹ کے دیوانوں نے اس لئے رچایا تاکہ ریپبلکن پارٹی کی بڑی کامیابیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے، جن میں ڈیموکریٹس کے شٹ ڈان پر ہماری حالیہ جیت بھی شامل ہے۔اگرچہ ٹرمپ اور ایپسٹین کی چند دہائیاں پہلے ایک ساتھ لی گئی تصاویر موجود ہیں، مگر صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دونوں میں ایپسٹین کی سزاں سے پہلے ہی اختلاف ہو گیا تھا۔گزشتہ ہفتے ایوان کی ایک کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ای میلز سے ظاہر ہوا کہ بدنام زمانہ مالیاتی شخص کو یقین تھا کہ ٹرمپ لڑکیوں کے بارے میں جانتے تھے
تاہم یہ واضح نہیں کہ اس جملے سے کیا مراد تھی۔ٹرمپ حالیہ دنوں میں ایپسٹین فائلز کو ڈیموکریٹس کی کردارکشی مہم قرار دے رہے تھے، اب محکمہ انصاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایپسٹین سے ڈیموکریٹس کے ممکنہ تعلقات کی تفتیش کرے۔ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات کے انکشاف کی لڑائی(جسے ٹرمپ خود انتخابی مہم میں اٹھاتے رہے) نے کانگریس میں ان کے کچھ اتحادیوں کے ساتھ اختلاف پیدا کر دیا ہے۔ٹرمپ کے بہت سے کٹر حمایتیوں کا ماننا ہے کہ حکومت ایپسٹین (جو 2019 میں جیل میں خودکشی کر کے مر گیا تھا) سے متعلق حساس دستاویزات چھپا رہی ہے، جن سے بااثر عوامی شخصیات سے اس کے تعلقات سامنے آئیں گے۔جمعہ کی رات ٹرمپ نے جارجیا سے تعلق رکھنے والی امریکی نمائندہ مارجوری ٹیلر گرین کی حمایت واپس لے لی (جو عرصے سے ان کی پرجوش حمایتی رہی ہیں) کیونکہ انہوں نے ریپبلکنز پر بعض معاملات میں تنقید کی تھی، جن میں ایپسٹین فائلوں کے معاملے سے نمٹنے کا طریقہ بھی شامل ہے۔کیلیفورنیا سے ڈیموکریٹ امریکی نمائندہ رو کھنہ فائلوں کے اجرا پر ووٹنگ کی درخواست کے اصل محرکین میں شامل تھے، انہوں نے اتوار کو کہا کہ انہیں توقع ہے کہ 40 سے زیادہ ریپبلکن اس کے حق میں ووٹ دیں گے۔ایوانِ نمائندگان میں 219 نشستوں کے ساتھ ریپبلکنز کی اکثریت ہے، جب کہ ڈیموکریٹس کے 214 ووٹ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی