اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 6 آپریشنز میں 2 افغان باشندوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور تقریبا 248 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی ، جس کی مالیت 33 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر برطانیہ جانے والے ایک افغان نژاد برطانوی شہری کے قبضے سے 990 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسی طرح اپر مال لاہور کے ایک کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 800 گرام آئس برآمد کی گئی۔کراچی میں سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب افغان باشندے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جب کہ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ادھر نیازی اڈا لاہور کے قریب 2 ملزمان کے سامان سے 700 گرام آئس پکڑی گئی، جب کہ کلی دمان چمن میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 240 کلوگرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف ) نے بھی پشاور ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان کے مطابق 27 اگست کو پشاور سے دوحا جانے والی پرواز کے ایک مسافر فضل امین کے سامان کو اسکیننگ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔ تلاشی کے بعد اس کے ٹرالی بیگ اور جوتوں سے 994 گرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو گرفتار کر کے کیس مزید قانونی تقاضوں کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی