i پاکستان

آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی نئی قسط کیلئے مذاکرات رواں ماہ کے آخر میں ہوں گےتازترین

September 11, 2025

آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی نئی قسط کے لیے مذاکرات رواں ماہ کے آخر میں ہوں گے۔ پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے درمیان ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کے لیے دوسرے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات رواں ماہ ستمبر کے آخری عشرے شروع ہوں گے، جس کے لیے آئی ایم ایف کا وفد 25 ستمبر کو پاکستان کے دورہ پر آئے گا۔وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات کی تیاری کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی اقتصادی اعدادشمار کو حتمی شکل دی جارہی ہے جو جلد آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری سے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ ستمبر 2024 میں طے پانے والے 37 ماہ کے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام کے تحت ہونے جارہا ہے، اس پروگرام کے تحت آئی ایم ایف سے پاکستان کو 2 اقساط میں اب تک 2 ارب ڈالر سے زائد فنڈز موصول ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کلائمیٹ فنانسنگ کا معاہدہ بھی طے پا چکا ہے، جس کے تحت 28 ماہ میں پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑڈالر ملیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی