i پاکستان

آزاد جموں و کشمیر کا 78 واں یوم تاسیس ملی جوش و خروش اور تجدید عہد کے ساتھ منایاگیاتازترین

October 24, 2025

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کو 78 برس مکمل ہو نے پر کشمیری عوام نے یوم تاسیس ملی جوش و خروش اور تجدید عہد کے ساتھ منایا ،آزاد کشمیر کے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پردارلحکومت مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع کی مناسبت سے صبح کا آغاز دعائیہ تقریبات سے ہوا، دعائیہ تقریبات میں پاکستان اور کشمیر کی سلامتی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی، توپوں کی سلامی کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر زندہ آباد کے نعر ے بھی لگائے گئے۔آزادکشمیر کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی یوم تاسیس بھرپورملی جوش وجذبے سے منایا گیا ،جلسے ،جلوس،ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا اور تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔یاد رہے کہ 24 اکتوبر 1947 کو ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے تسلط کے خلاف کشمیری مسلمانوں نے مسلح جدوجہد کر کے ریاست جموں و کشمیر کا ایک حصہ آزاد کروایا تھا، تاریخی لحاظ سے کشمیر میں مسلمانوں کے اکثریت تھی جبکہ 1947 میں کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا الحاق بھارت سے کر دیا تھا۔

بھارت کے قبضے کے خلاف کشمیریوں نے 1947 میں تحریک آزادی شروع کی اور مقامی رہنمائو ں نے اس علاقے کیکیلئے الگ شناخت اور حکومت قائم کرنے کی کوشش کی، 1947 میں کشمیری عوام اور قبائلی لشکر نے مل کر بھارتی افواج کے خلاف کھڑے ہونے کی جرات کی۔24 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں نے مظفر آباد میں اپنی حکومت کا اعلان کیا، یوم تاسیس 1947 کی وہ عظیم تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب کشمیری عوام نے اپنی خود مختاری کا اعلان کیا، آزاد کشمیر کی جنگ آزادی میں کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔24 اکتوبر 1947 کو سردار ابراہیم خان کی قیادت میں آزاد حکومت قائم ہوئی، آزاد کشمیر حکومت کا قیام، مظلوم کشمیریوں کی فتح اور خودمختاری کی جانب یہ پہلا قدم تھا۔ہر سال یوم تاسیس کے موقع پر کشمیر کی تاریخی جنگ آزادی کی یاد تازہ کی جاتی ہے، آزاد جموں و کشمیر حکومت کا قیام کشمیری عوام کے جذبے اور قربانیوں کا نتیجہ تھا، یوم تاسیس کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے جب کشمیریوں نے آزادی کی راہ پر قدم بڑھایا تھا۔دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے یو م یوم تجدید عہد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے جتھوں نے لاکھوں کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جبکہ پاکستان نے کشمیری مہاجرین کو سینے سے لگایا جس پر شکر گزار ہوں۔

یوم تجدید عہد پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے ہندوستانی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آزادکشمیر ایک پسماندہ علاقہ شمار ہوتا تھا، آج آزاد کشمیر ہر شعبہ میں ترقی کررہا ہے۔چودھری انوار الحق نے کہا کہ آج آزادکشمیر میں انسانی آزادی کی صورتحال مثالی ہے، آزادجموں وکشمیر میں ایک عدالتی نظام موجود ہے، افواج پاکستان کے جوانوں نے قربانیاں دے کر اس خطے کی حفاظت کی، شہدا اورغازیوں کو خراج تحسین و خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے دنیا کی جنگی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا، پاکستان نے خود سے کئی گنا بڑے ملک ہندوستان کو بری،بحری،فضائی ،سفارتی اورسائبرحکمت عملی سمیت تمام محاذوں پر شکست فاش دی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کے تکبر کو خاک میں ملایا، پاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، معرکہ حق میں کامیابی کا کریڈٹ فیلڈمارشل سید عاصم منیر اورافواج کو جاتا ہے، تمام محاذوں پر دشمن کو شکست ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے قیام کا مقصد اس وقت تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کے قبضہ سے آزاد نہ ہوجائیں، مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 35سالوں میں ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا گیا، حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہندوستان تمام حربوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبوں کو شکست نہیں دے سکا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی