i پاکستان

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے تمام انتظامات مکمل، تاخیر ممکن نہیں،پی ایم ڈی سیتازترین

October 23, 2025

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) نے کہاہے کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، امتحان میں مزید تاخیر ممکن نہیں۔ جاری بیان کے مطابق پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے حوالے سے طلبہ کے احتجاج اور گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امتحان کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔پی ایم ڈی سی اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بھر کے تمام صوبوں میں امتحانی ہالز بک کرلئے گئے ہیں اور صوبائی حکام نے امتحان کے پرامن انعقاد کیلئے ضروری تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ امتحان میں سوالیہ پرچوں کی طباعت اور امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز کا اجرا بھی شامل ہے، جب کہ امیدواروں کی سہولت کیلئے رجسٹریشن پورٹل دو بار کھولا گیا۔پی ایم ڈی سی کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ طلبہ کو سہولت دینے کیلئے امتحان کی تاریخ میں توسیع بھی کی گئی تھی، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کی مزید توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔اعلامیے میں کہا ہے کہ امیدواروں کو امتحان کی تیاری کیلئے مناسب وقت فراہم کیا گیا تھا، جبکہ ایم ڈی کیٹ کے لیے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹر ہوچکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی