اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب کے علاقے ظفر چوک کے قریب گزشتہ رات ایک گھر میں خاتون کے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہو کر خاتون پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مقتولہ جائے نماز پر بیٹھی ہوئی تھیں جب حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے وقت خاتون کا شوہر کھانا لینے کے لیے گھر سے باہر گیا ہوا تھا۔ واردات کے فوری بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لیے ہیں، جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تفتیشی ٹیموں نے ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور علاقہ مکینوں سے بھی بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی