وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے چین کے بیان کومسترد کرنے پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے پاکستان سے بچنے کے لئے دنیا بھر سے بھیک مانگی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی جنگ کے بعد چین کے بیان نے بھارت، خصوصا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ چین نے دعوی کیا تھا کہ اس نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کیا تھا۔خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر )پر لکھا کہ جنگ کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پوری دنیا سے پاکستان سے بچانے کی اپیل کی۔30
دسمبر 2025 کو چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا تھا کہ چین نے مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مختصر فوجی تنازع کے دوران جنگ بندی کیلئے ثالثی میں کردار ادا کیا۔اس بیان کے بعد بھارتی میڈیا میں اس دعوے کی سختی سے تردید کی جا رہی ہے اور متعدد چینلز اور اخبارات حکومتی ذرائع کے حوالے سے مسلسل یہ موقف دہرا رہے ہیں کہ اس تنازع میں کسی تیسرے فریق نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی