اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی فوری مدد کیلئے ہنگامی اقدام اٹھاتے ہوئے 6 لاکھ ڈالر کی امداد جاری کر دی ہے۔سیکرٹری جنرل یو این کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے ہنگامی امدادی فنڈ سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد جاری کی ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 10 روز کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 400 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 190 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے اور انہیں پناہ گاہوں، طبی امداد اور نقد معاونت کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہا کہ 26 جون سے جاری مون سون بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور صورتحال سنگین ہے۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یو این ایجنسیز، مقامی حکام اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی