i پاکستان

بہاولپور،جائیداد کی لالچ میں شوہر نے بیٹے کے ساتھ مل کر بیوی کو مار ڈالا ،ملزمان گرفتار،اعتراف جرم کرلیاتازترین

October 23, 2025

بہاولپور میں قتل ایک خاتون کو اس کے شوہر اور سوتیلے بیٹے نے مل کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفصیل کے مطابق یہ واقعہ بہاولپور کے سردار یزمان پولیس اسٹیشن کی حدود میں گزشتہ دنوں پیش آیا، جس میں شکیل نامی شخص نے جائیداد حاصل کرنے کی لالچ میں اپنی دوسری بیوی کو مار ڈالا۔شکیل نے جائیداد کی لالچ کے تحت ہی آمنہ نام کی ایک طلاق یافتہ عورت سے دوسری شادی کی تھی جس کے پہلے شوہر سے دو بچے ہیں۔شکیل کو یہ بات بہت ناگوار گزرتی تھی کہ آمنہ روزانہ اپنے بچوں سے نہ صرف فون پر باتیں کرتی ہے بلکہ ان کو خرچہ پانی کیلئے رقم بھی بھجواتی تھی۔اسی سوچ میں شوہر نے اپنی دوسری بیوی کو مارنے کے بعد اس کی جائیداد ہتھیانے کا منصوبہ بنایا اور بہانبے سے اس سازش میں اپنے بڑے بیٹے کو بھی شامل کرلیا۔منصوبہ بندی کے تحت بیٹا اپنی سوتیلی ماں کو کسی جگہ لے جانے کا کہہ کر موٹر سائیکل پر اپنے ساتھ لے گیا

اور راستے میں شکیل بھی مل گیا اور اسے سنسان مقام پر لے جا کر گلا گھونٹ کر وہیں پھینک دیا اور گھر واپس آگئے۔ملزم شکیل نے اگلے روز اپنی بیوی کی گمشدگی کی اطلاع تھانے میں بھی دی تاہم پولیس کو ابتدائی طورپر کوئی کامیابی نہیں ملی بعد میں اپنے مخبروں کے ذریعے مقتولہ کے گھر کی کچھ معلومات نکلوائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں لگے ایک سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں مقتولہ کو وقوعہ کے روز اس کا سوتیلا بیٹا اپنی بائیک پر بٹھا کرکہیں لے جا رہا تھا۔اسی دوران پولیس کو علاقے کے ایک سنسان اور ویران پلاٹ سے کسی خاتون کی لاش ملنے کی اطلاع ملتی ہے۔ پولیس نے اسی فوٹیج کو بنیاد بنا کر تفتیش کی تو دونوں ملزمان باپ بیٹے نے سارا ماجرا سنا کر اعتراف جرم کرلیا۔ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جنہیں جیل بھیجنے کیلئے عدالت میں پیش کرکے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی