بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد اسلام آباد اور پنجاب میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، تعلیمی اداروں میں چھٹی دید گئی جبکہ اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پنجاب حکومت نے حساس تنصیبات پر سکیورٹی بڑھانے کا حکم جاری کر دیا ۔وفاقی وزیر صحت کے مطابق اسلا م آباد میں پمز، پولی کلینک سمیت تمام اسپتالوں کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ شہر سے باہرطبی عملے کو فوری واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ ہے اور ڈاکٹرز، نرسزاور پیر امیڈیکل اسٹاف کو اسپتالوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں تمام ضلعی و صوبائی مانیٹرنگ اداروں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔دوسری جانب پاکستان پر بھارت کے حملے کے بعد اسلا م آباد اور پنجاب میں تعلیمی ادارے بند رہے ۔صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بدھ کو صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ۔
بھارتی افواج کے حملوں کے خدشے پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پنجاب بھر میں واقع اہم تنصیبات اور حساس علاقوں پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے کے دو اضلاع میں بھارت کی جانب سے حملے کئے گئے، مستقبل میں مزید حملوں کے امکانات مسترد نہیں کئے جا سکتے، ڈی پی اوز، سی سی پی او اور ڈپٹی کمشنرز کو سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ حساس مقامات کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر بھارتی حملے کے تناظر میں محکمہ داخلہ پنجاب نے حفاظتی اقدامات کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نام مراسلہ جاری کر دیا، محکمہ داخلہ پنجاب کے انٹرنل سکیورٹی ونگ نے مراسلہ جاری کیا۔مراسلے کے مطابق پنجاب کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، تمام ڈی پی اوز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں واقع اہم تنصیبات اور حساس علاقوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس فورس کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔آئی جی پنجاب نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملکی اندرونی سرحدوں کے تحفظ کے لئے دہشت گردوں، شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں سمیت تمام اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ، دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے، پنجاب پولیس کے جوان متاثرہ مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہدا کی امین ہے اور اس سرزمین پر آج رات بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے۔ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، کامیابی ان شااللہ ہمارا مقدر ہو گی۔ نعرہ تکبیر، اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی