ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں، نیلم جہلم ہائیڈرو پارکس پروجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا گیا ،ہماری مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ جواب دیا اور دے رہی ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مارگرایا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا، بھارت کی جانب سے بلاثبوت الزامات عائد کیے جاتے ہیں، پاک فضائیہ کے تمام طیارے، دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں،ایل او سی پر بھی بلااشتعال فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا گیا، بھارت نے پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، بھارت کی غلط فہمی کو یقینا جلد ٹھیک کردیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بدھ کو پریس کانفرنس میں بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد قوم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی سب بزدلانہ تاریخ دہرائی، مختلف مقامات پر حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق احمدپور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، 13 شہادتیں ہوئیں، شہدا میں 3 سال کی 2 بچیاں، 7 خواتین، 4 مرد شامل ہیں، ان حملوں میں 31 شہری زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 4 فیملی کواٹرز کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ مظفر آباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، یہاں بھارت کی جانب سے 7 حملے کیے گئے، اس میں 3 پاکستانی شہید ہوئے، ایک بچی زخمی ہوئی جبکہ ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہاں پر 5 سٹرائیکس ہوئیں جس میں 2 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکا شامل ہے جکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہوئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مریدکے میں مسجد ام القری کو نشانہ بنایا گیا، یہاں 4 سٹرائیکس کی گئیں جس میں 3 مرد شہید اور ایک زخمی ہوا ہے، یہاں پر 2 شہری لاپتا ہیں، مسجد کو شہید کیا گیا ہے اور اردگرد کواٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گائوں میں 2 سٹرائیکس کی گئیں، ایک گولہ مس فائر ہو گیا اور ایک اوپن فیلڈ میں گرا ہے، یہاں پر کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید بتایا ہے کہ شکر گڑھ میں 2 سٹرائیکس کی گئیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر رات سے جاری بلااشتعال بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں 5 معصوم شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں ایک 5 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھیے کہ بھارت نے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا ہے، مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس تنگ نظر سوچ کی عکاسی کرتا ہے جوکہ مودی کی حکومت میں ہندتوا کے زیر تسلط بڑھ رہی ہیں جس میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جارہا ہے اور انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ جواب دیا اور دے رہی ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مارگرایا، انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ بھارتی طیاروں کو تب نشانہ بنایا گیا جو وہ حملہ آور ہوئے اور انہوں نے اپنے ویپن فائر کئے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔ پاکستان کا کوئی طیارہ بھارتی ایئراسپیس میں نہیں گیا۔ بھارت کی جانب سے بلاثبوت الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا گیا، پاک فضائیہ کے تمام طیارے، دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ، نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا، ہائیڈرو اسٹرکچر کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک اقدام ہے، آبی تنصیبات کو نشانہ بنانا جنگی اقدار اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے؟ کیا ہندوستان جانتا ہے کہ اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کیا عالمی قوانین، جنگی اقدار اور روایات اس بات کی اجازت دیتی ہیں؟ آپ کسی دوسرے ملک کے پانی کے ذخائر، ڈیمز اور ہائیڈرو پروجیکٹس کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔ بھارت نے پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، بھارت کی غلط فہمی کو یقینا جلد ٹھیک کردیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دیا جارہا ہے اور دیا جاتا رہے گا، بھارت نے جب بزدلانہ کارروائی کی تو اس وقت نیشنل اور انٹرنیشنل پروازیں پاکستان کے ایئرسپیس پر موجود تھیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری، سالمیت کیلئے جان دینا ہمارا نصب العین اور خوش قسمتی ہے، افواج پاکستان قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہیں، کسی کو بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی