خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر عائدپابندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔صوبائی محکمہ خوراک کی طرف سے وزیرِ ا علی سہیل آفریدی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کو باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ، جس میں صوبائی حکومت نے پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔خط کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل کی بندش سے خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے، پنجاب سے ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث خیبر پختونخوا میں آٹے کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔خط کے مطابق آرٹیکل 151(1) کے تحت صوبوں کے درمیان آزادانہ تجارت وفاقی ضمانت ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے گندم روکنے کا عمل وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کے اصولوں کے منافی ہے۔ خط میں خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب سے گندم اور آٹے کی آزادانہ ترسیل کیلئے تمام پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی