برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کائونٹ ڈائون شروع ہوگیا ہے، امن پہلی ترجیح ہے لیکن بھارت کو جواب دیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے بارہا پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، پاکستان کی پہلی ترجیح امن تھی لیکن اب اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کائونٹ ڈان شروع ہوگیا ہے، سلامتی کونسل اور بہت سے ممالک نے بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا تھا لیکن بھارت نے سکیورٹی کونسل سمیت کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیئے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے ملک پر میزائل پھینکے جا رہے ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، میزائل حملوں کی صورت میں بھارت سے کیسے تعاون کیا جا سکتا ہے؟ بھارت پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات سے کیوں خوفزدہ ہے؟ ۔
دوران انٹرویو پاکستانی ہائی کمشنر محمد فیصل نے اسکائی نیوز ٹیلی ویژن کی بھارت نواز خاتون صحا فی کو رافیل طیارے گرائے جانے کے معاملے پر لاجواب کر دیا۔ خاتون صحافی یلدہ حکیم نے ایک بار پھر بھارت کے موقف کو دہراتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر سے رافیل طیاروں کے معاملے پر سوال کیا۔یلدہ حکیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ اصف کا انٹرویو دیکھا ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ بھارتی طیاروں کے مار گرائے جانے کا ثبوت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پوسٹیں موجود ہیں۔پاکستانی ہائی کمشنر نے جواب میں پہلے تو یلدہ حکیم کو تہذیب کے لہجے میں بات کرنے کے بارے میں نرمی سے بتایا اور پھر کہا کہ سی این این نے فرانس کے انٹیلی جنس کے اعلی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان نے بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔محمد فیصل نے کہا، مجھے امید ہے کہ آپ نے سی این این پر یہ خبر دیکھی ہوگی جس میں ایک فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک سے زائد طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔ مزید معلومات آرہی ہیں۔ میں سی این این پر شک کرنے والا کوئی نہیں ہوتا یہ ایک عالمی نام ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی