ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کمپنی نے سال 2025 کے دوران پیداوار، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے شعبوں میں مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کمپنی نے سال گزشتہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور کسٹمر انگیجمنٹ میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا۔جاری بیان کے مطابق سی ای او مونس علوی نے کہا ہے کہ کے۔الیکٹرک ہمیشہ صارفین کی تسلی اور اطمینان کو ترجیح دیتی ہے ہم اپنے صارفین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ کراچی ہماری ذمہ داری ہے ہم شہر کی خدمت اور ترقی کے لیے اپنی تمام توانائیاں اور وسائل صرف کریں گے۔ نظر ثانی شدہ ایم وائی ٹی سے نئے چیلنجز درپیش ہیں، لیکن ہم شہر اور کمپنی دونوں کے مفاد میں توازن کو برقرار رکھیں گے۔سال کے اختتام پر کاروباری کارکردگی کے جائزہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کے۔
الیکٹرک نے کراچی کے گھریلو صارفین، تجارتی مراکز اور صنعتی یونٹس کو مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھی اور شہر کی منفرد آپریشنل ضروریات و طلب کے رجحانات کو بھی مدنظر نظر رکھا۔ترجمان کے مطابق کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے۔ جون 2025 میں شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ طلب (پیک ڈیمانڈ) 3,563 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی، جسے کے۔الیکٹرک نے 3,545 میگا واٹ کی پیک سپلائی کے ساتھ بخوبی پورا کیا یہ امر شدید گرمی کے موسم میں گرڈ کی مضبوطی اور استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔ سالانہ اوسط طلب(جنوری تا نومبر) تقریبا 2,353 میگا واٹ رہی، جو شہر کی بڑھتی ہوئی اقتصادی سرگرمیوں اور توسیع کی عکاسی کرتی ہے۔ ماہانہ اوسط طلب میں موسمی اتار چڑھا دیکھا گیا۔سردیوں میں تقریبا 1,470 میگا واٹ اور گرمیوں میں 2,920 میگا واٹ طلب ریکارڈ کی گئی، جو صارفین کے بجلی کے استعمال کے موسمی رجحانات کو ظاہر کرتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی