پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ،جمعرات کی صبح لاہور اور سیالکوٹ کی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کے لیے پھر بند کر دئیے گئے ۔ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 فضائی روٹس کمرشل طیاروں کی پروازوں کیلئے بندکیے گئے جبکہ سیالکوٹ ائیر پورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بند کیا گیا۔تاہم ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ ائیر پورٹس پر مختصر بندش کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔آپریشنل اقدامات کے باعث کچھ پروازیں متاثر ہوئیں۔ البتہ کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ فضائی حدود بند ہونے سے 40 سے زائد پروازیں متاثر ہوگئیں۔ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کے باعث فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی روٹ دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے، مدینہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی