کراچی کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوئے ، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 زخمی دم توڑ گئے۔ فائرنگ واقعے میں ہلاک افراد کی شناخت سید مظہر اور علی وارث کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں علی حسن، محمد علی اور حبیب شامل ہیں۔واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے پہلوان گوٹھ میں احتجاج کیا، بعد میں احتجاج ختم کرکے روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔پولیس کاکہنا ہے کہ فائرنگ پہلوان گوٹھ میں دکان کے باہر کی گئی، عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کار اور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ میں ایک سے زائد ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، واقعہ کی جگہ سے ایک میگزین اور گولیوں کے کچھ خول ملے ہیں۔ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی