i پاکستان

کراچی، گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، ملزم کے خلاف مقدمہ درجتازترین

December 19, 2025

کراچی کے علاقے بفرزون میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔بفرزون میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعے سے متعلق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملازمہ پر تشدد کا واقعہ 11 دسمبر کو پیش آیا تھا، خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم فرار ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گھریلو ملازمہ پر تشدد کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، جس میں خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تشدد کے دوران خاتون کو سیڑھیوں سے دھکا بھی دیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے لیاری دھوبی گھاٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔ جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ چھیپا حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوا۔چھیپا حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش سول اسپتال منتقل کر دی گئی، جہاں اس کی شناخت 24 سالہ شفیق محمد کے نام سے ہوئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی