کراچی میں نامعلوم مسلح ڈاکوئو ں نے سیکیورٹی پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں اور نجی سیکیورٹی گارڈز کو مبینہ طور پر یرغمال بنانے کے بعد اسلحہ اور قیمتی موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔کراچی کے علاقے پورٹ قاسم میں ایک نجی کمپنی کی حدود میں داخل ہو کر نامعلوم ملزمان نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکاروں اور سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا اور ان سے سرکاری و نجی اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ 15 سے 20 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعے میں ملزمان کمپنی کی پچھلی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود اہلکاروں کو قابو کر کے باندھ دیا۔ڈکیت دورانِ واردات ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار پی سی ارشاد علی سے سرکاری رائفل اور اس کا میگزین جبکہ نجی سیکیورٹی گارڈ معشوق علی سے اس کی رائفل اور 10 رانڈ چھین کر لے گئے۔اس کے علاوہ ملزمان مبینہ طور پر سوئے ہوئے پولیس اہلکار مدثر حسین کے سرہانے سے رائفل کا میگزین بھی اٹھا کر لے گئے اور جاتے ہوئے اہلکاروں کے 3 موبائل فونز بھی ساتھ لے گئے۔واردات کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے کسی طرح خود کو آزاد کیا اور اپنے دیگر ساتھی اہلکاروں کے ہاتھ کھولے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی پر مامور عملے کو اس نوعیت کا نشانہ بنائے جانے کا یہ واقعہ سیکیورٹی انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی