محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آئندہ ایک ہفتے تک تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں بادلوں کا بسیرا ہے اور سمندری ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں لیکن آئندہ ایک ہفتے تک تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔مزید بتایا کہ کراچی میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے، آئندہ چند روز مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم مرطوب رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔دو روز قبل بتایا گیا تھا کہ شہر قائد کا مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ شہر میں آج شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا تھا جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات دی گئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی