i پاکستان

کراچی، ملکی اور غیرملکی جعلی کرنسی بنانے اور بیچنے میں ملوث ملزم گرفتارتازترین

October 23, 2025

کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے ملکی اور غیرملکی جعلی کرنسی بنانے اور بیچنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم بہزاد سے اے این ایف کے جعلی جوائننگ آرڈرز، جعلی چیکس ، پلاٹ کے جعلی کاغذات، جعلی ڈالر بنانے کے کاغذ، کیمیکل اور دیگراشیا بھی برآمد کی گئی۔ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سادہ لوح شہریوں کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دیتا تھا۔ ملزم نے کرنسی نوٹ کا درست سائز بنانے کی متعدد ڈائیاں بھی بنا رکھی تھی ملزم اپنے ساتھیوں کیساتھ مل کر 4 سال سے جعلسازی کر رہا تھا ۔ گرفتار ملزم کیساتھی میڈیکل ریپ اور کال سینٹر کا کام کرتے ہیں ملزم نے کرنسی نوٹ ایک بیگ میں بھر کررکھے ہوئے تھے۔ دوسری جانب کراچی میں ایک گھر سے خاتون کی تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جب کہ شوہر بچے سمیت غائب ہے۔پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سکھیہ گوٹھ میں گھر سے خاتون کی چند روز پرانی لاش ملی، جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او نے واقعے سے متعلق بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 35 سالہ عائشہ زوجہ قدیر کے نام سے کی گئی۔ لاش ممکنہ طور پر 3 سے 4 روز پرانی ہے، جس کا تعفن اٹھنے پر مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی۔گھر کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا، جسے توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے گلا دبا کر قتل کیا ہے جو کہ موقع سے بچے سمیت غائب ہے ۔مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ خاتون شوہر اور ایک بچے کے ہمراہ کچھ روز قبل ہی اس گھر میں منتقل ہوئی تھی۔ خاتون کے جسم پر بظاہر کسی چوٹ یا زخم کا نشان نہیں ہے جب کہ لیڈی ایم ایل او نے پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا ہے، جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔فوری طور پر مقتولہ کے ورثا کا بھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا، جس کے باعث لاش تلاش ورثا کیلئے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی