کراچی میں سیف سٹی اتھارٹی ٹیم نے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم کو خصوصی فیچر والے کیمرے کی مدد سے گرفتار کرلیا۔تفصیل کے مطابق کراچی میں سیف سٹی اتھارٹی کے جدید کیمروں کی مدد سے دہشت گردی، قتل اور پولیس مقابلوں میں مطلوب خطرناک ملزم عبدالعظیم کو گرفتار کرلیا گیا۔ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ ملزم کی شناخت جدید اے این پی آر کیمرے کے ذریعے اس وقت ہوئی جب وہ موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا۔آصف اعجاز شیخ کا کہنا تھا کہ ملزم کا چہرہ کیمرے میں آتے ہی کریٹیکل الرٹ جاری ہوا، جس کے بعد ای آر وی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے داتا کارنر کے قریب سے حراست میں لے لیا۔انھوں نے بتایا کہ پلک جھپکتے ہی سسٹم نے ملزم کا مکمل ریکارڈ ظاہر کردیا، ملزم نے موٹر سائیکل چلاتے وقت کیپ بھی پہن رکھی تھی۔ملزم کے خلاف شرافی گوٹھ، الفلاح، زمان ٹان، عوامی کالونی اور سٹی کورٹ تھانوں میں دہشت گردی، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات درج ہیں۔شرافی گوٹھ میں جان سے مارنے کی دھمکی ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج تھا جبکہ الفلاح میں دہشتگردی،مقابلیسمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ ہوا اور دیگرتھانوں میں ڈکیتی سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمات درج ہوئے۔ڈی جی سیف سٹی نے مزید کہا کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے آرام باغ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی