کراچی کے علاقے بلدیہ ٹان میں اتوار کے روز ایک تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آ کر 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ چٹاری بائی پاس پر رینجرز چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا، 22 ویلر ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی جس کے باعث دونوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ بلال حسین اور 25 سالہ سمیر رحیم کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کراچی منتقل کر دی گئیں۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی (ٹی ایل جے-660) کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، ترجمان نے بتایا کہ ٹرک اور موٹر سائیکل ایک ہی ٹریک پر مگر مخالف سمتوں سے آ رہے تھے، جیسے ہی موٹر سائیکل سواروں نے لین بدلی، تو سامنے سے آتے ہوئے ٹریلر نے انہیں ٹکر مار دی۔ادھر بلدیہ ٹان-2 میں ایک خاتون پولیس اہلکار نے خودکشی کی کوشش کی، واقعہ سائٹ-بی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا کے مطابق نیو کراچی پولیس میں تعینات 30 سالہ افشین عرفان نے ٹریفک پولیس پوسٹ کے قریب کار میں بیٹھ کر خود کو گولی مار لی۔انہیں ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، بعدازاں طبی سہولتوں کے لیے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال لے جایا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق افشین وہاں ایک شخص کامران سے ملاقات کے لیے گئی تھیں، اسی دوران انہوں نے 9 ایم ایم پستول نکال کر اپنے سر میں گولی مار لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر خودکشی کی کوشش کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی