i پاکستان

کراچی،پولیس کے ساتھ تین مبینہ مقابلوں اور شہری کی فائرنگ میں دو ڈاکو ہلاک،دو زخمیوں سمیت پانچ ڈاکو گرفتار، اسلحہ و سامان برآمدتازترین

May 26, 2025

کراچی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان تین مبینہ مقابلوں اور شہری کی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ پانچ کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ڈاکوئوں میں سے دو ڈاکو زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، نقد رقم، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لیں۔ تفصیل کے مطابق پولیس کا ڈاکوئوں کے خلاف پہلا مقابلہ ڈسٹرکٹ کیماڑی میں ہوا جہاں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل ڈسٹرکٹ کیماڑی کی پولیس پارٹی نے سائیٹ بی تھانے کی حدود، شیر شاہ پل ڈالڈا کمپنی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ مقابلے میں 26 سالہ بلال ولد نور اسلام نامی ڈاکو کو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی ارشد کو گرفتار کر لیا۔ہلاک ڈاکو کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔شارع نورجہاں پولیس نے کے ڈی اے گرائونڈ، بلاک U نارتھ ناظم آباد میں دوسرے مبینہ مقابلے کے بعد 25 سالہ زخمی ڈاکو احمد نواز ولد غلام شبیر اور اس کے ساتھی احمد عرف کالا ولد رب نواز کو گرفتار کر لیا۔زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے موقع سے ایک پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی۔زمان ٹائون پولیس نے کورنگی نمبر پانچ، G ایریا کریم گرائونڈ کے قریب سے تیسرے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں 25 سالہ عثمان ولد عبدالسلام اور اس کے ساتھی محمد سعید ولد عبدالحفیظ کو گرفتار کر لیا۔زخمی ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق تینوں واقعات میں گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر تین پستول، متعدد گولیاں، نقد رقم، موبائل فونز اور تین موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ادھر فیروزآباد تھانے کی حدود میں واقع شہید ملت روڈ پر ایک شہری کی بروقت جوابی کارروائی سے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی۔کار سوار شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تین ڈاکو شہید ملت روڈ پر واقع ایک سپر اسٹور کے باہر شہریوں کو لوٹنے کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہو رہے تھے کہ اسی دوران ایک کار سوار شہری انس نے ان کا تعاقب کیا اور کچھ فاصلے پر عقب سے فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل کی پچھلی نشست پر سوار ڈاکو گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت 27 سالہ عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ فرار ہونے والے دو ڈاکوں کی تلاش جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فارنزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ہلاک ڈاکو کی لاش ابتدائی طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فیروزآباد تھانے منتقل کی گئی، بعد ازاں قانونی کارروائی کے بعد لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم عرفان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد میں دن دیہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کے مطابق حیدرآباد میں ڈاکوئوں نے دن دیہاڑے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنایا اور شوہر کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی