اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین سال بعد سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم و دیگر کے خلاف توہین عدالت کا کیس ختم کر دیا۔پاناما کیس سے متعلق نواز شریف کے حق میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے مبینہ بیان حلفی کے حوالے سے توہین عدالت کا کیس عدالت نے غیر موثر ہونے پر نمٹا دیا۔چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم عدالت میں پیش نہ ہوئے۔وکیل نے بتایا کہ رانا شمیم نے معافی نامہ جمع کروایا تھا اس کے بعد کیس لگا ہی نہیں، اب یہ کیس غیر مثر ہوچکا ہے، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ کیس کافی عرصے بعد مقرر ہوا ہے، اس کیس میں فرد جرم صرف رانا شمیم پر عائد ہوتی تھی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آخری سماعتوں میں رانا شمیم نے عدالت میں معافی نامہ جمع کروایا تھا، اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے کہا کہ پھر ہم اس کیس کونمٹا دیتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی