i پاکستان

ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاج، فلور ملز ایسوسی ایشنز کی کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال، فلور ملز غیر معینہ مدت کیلئے بند،گندم کی پسائی بھی روک دی گئیتازترین

July 11, 2024

پاکستان فلورملز ایسوسی ایشنز نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے فلور ملز غیر معینہ مدت کیلئے بند کی دی ہیں اور گندم کی پسائی بھی روک دی گئی ۔چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشنز سندھ زون عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ جمعرات سے ملک بھر میں فلور ملز نے گندم کی پسائی کا کام بند کردیا ہے، اور ہم نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کر دی ہے۔عامر عبداللہ نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھرمیں فلور ملز نے آٹے کی سپلائی بند کردی ہے، جبکہ ہڑتال سے بھینس کالونیوں اور جانورون کے چوکر کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوگی۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشنز نے مزید کہا کہ ایف بی آڑ کے ٹیکس کے نفاذ سے آٹا 8 سے 10 روپے فی کلو مہنگا ہوگا، اور فلور ملوں کی پسائی اس وقت تک نہیں شروع کریں گے جب تک مطالبات تسلیم نہیں کر لیے جاتے۔ عامر عبداللہ نے کہا کہ فلور ملرز ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے، جبکہ ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے ہمارا نہیں، ہم ٹیکس کی ادائیگی پہلے بھی کررہے ہیں مزید دے سکتے ہیں طریقہ کار پر اعتراض ہے۔ ادھر لاہور میں فلور ملزایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کردی ہے ۔تمام آٹا ملوں نے سپلا معطل کردی جبکہ دکانوں پر آٹے کے تھیلوں کا اسٹاک کم تعداد میں رہ گیا، سپلائی جلد بحال نہ ہوئی تو شہریوں کو ایک نئے بحران کا سامنا کرنا پڑنے کا خدشہ ہے جبکہ آٹا سستا ہونے کی بجائے مزید مہنگا ہونے کی تیاریاں جاری ہیں۔ مہنگائی سے تنگ شہری ایک نئے بحران کی آمد سے پریشان ہیں، انہوں نے حکومت کو حالات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی