i پاکستان

وزیر اعلی کے پی سہیل آفریدی کا دورہ سندھ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ سے رابطہتازترین

January 03, 2026

سندھ حکومت اور پی ٹی آئی میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے حوالے سے رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق وز یر اعلی سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے حوالے سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ سے رابطہ کیا اور کہا کہ وزیر اعلی کے پی کو صوبے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے حلیم عادل شیخ سے کہا کہ سہیل آفریدی کا جو پروٹوکول ہے وہ فراہم کریں گے، جو کچھ پنجاب میں ہوا وہ سندھ میں نہیں ہوگا پارٹی کی اعلی قیادت کا بھی یہی فیصلہ ہے۔

ادھر، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ناصر حسین شاہ سے رابطے کی تصدیق کی اور صوبائی حکومت کا پیغام سہیل آفریدی تک پہنچا دیا۔سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صوبے میں ہمیں کوئی اضافی پروٹوکول نہیں چاہیے بس ہمیں آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیوں کی اجازت چاہیے، ہمیں اپنے لوگوں سے ملنے کی اجازت ہونی چاہیے۔دوسری جانب، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی بھی ایک تقریب میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے وزیر اعلی کے پی کو قانون کے مطابق پروٹوکول دینے کی یقین دہانی کروائی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی