چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوی ایشن و ایگزیکٹو ممبر پیاف راجہ راحیل اشفاق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل بیٹھنے کی پیشکش خوش آئند ہے ،بالآخر حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکسز کی شرح کاروبار کے چلنے میں بڑی رکاوٹ ہے ، ٹیکسزکی شرح میں کمی سے نہ صرف محصولات میں کئی گنا اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس چوری بھی کم ہوگی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دعویٰ ہے حکومت ٹیکسزکی سلیب کو نیچے لائے اور نظام آٹو میشن پر آ جائے تو حکومت کی توقع کے برعکس لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے ۔ اس کے لئے بیشک پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے اور اس کے نتائج پر اسے توسیع دینے کا فیصلہ کیا جائے ۔ راجہ راحیل اشفاق نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو بڑھانا ہے تو کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہوگا ، خوف و ہراس کی فضا ء کو ختم کیا جائے ، نجی شعبہ معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے اسٹیک ہولڈرز کو عزت و احترام دیا جائے اور ان کی تجاویز کو بھی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے ۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی