خیبرپختونخوا کے وزیراعلی سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی رہنمائوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنمائوں نے ملاقات کی جس میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، جنید اکبر، شہرام ترکئی اور عاطف خان سمیت دیگر موجود تھے۔ملاقات میں ہنگو میں شہید پولیس افسر اور جوانوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ملاقات میں صوبے میں دہشت گردی اور امن وامان کی صورتحال زیر غور آئی جبکہ صوبائی کابینہ کی تشکیل اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا اورپی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رائے کے بغیر کابینہ بنانے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، پارلیمانی پارٹی نے صوبائی بجٹ کی منظوری دی تھی لیکن بعد میں مسائل پیدا ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا جس میں سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور قبائلی عمائدین کوشرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ جرگے میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعلی سے پارٹی رہنمائو ں کی ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں صوبے میں دہشت گردی اور سیاسی صورتحال پرغور کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے مختلف آپشنز بھی زیر غور آئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی