صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پا کستان اور عمان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخاروصی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر صدر آصف زرداری کا کہناتھا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار پر مبنی ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا آئی ٹی، تعمیرات، صحت، فوڈ سیکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔حکومتی اور نجی شعبے کے قریبی روابط سے معاشی اور تجارتی تعاون میں اضافہ ہوگا ۔صدر آصف علی زردای نے پاکستان کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے لیے عمان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی