پی ٹی آئی کی پارلیمانی رہنما زرتاج گل وزیرنے کہا کہ پاکستان اور انڈیا دونوں ایٹمی طاقت ہیں، مولاجٹ یا گبرسنگھ کے کرداروں سے جنگ نہیں لڑی جاتی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا بھارت نے پہلگام واقعے کے بعدجب پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، تو الحمداللہ پوری قوم نے یکجہتی دکھائی، میری جماعت سمیت تمام سیاسی جماعتیں متحد تھیں، ہم پر تین سال ظلم ہوا پھر بھی ہمارے سوشل میڈیا نے بیانیہ کی جنگ لڑی، ہماری فضائیہ اور آرمڈ فورسز نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا وہ دنیا کے سامنے کھلم کھلی حقیقت ہے۔انہوں نے کہا سب سے پہلے سفارتی تعلقات ترجیح ہونی چاہیئے، مودی کا چہرہ ہندوتوا کی سوچ ہے، اس کو عمران خان نے پلوامہ واقعے کے بعد دنیا کو دیکھایا تھا، مودی ایک دہشتگرد ہے، سفارتی سطح پراس کا سیاہ چہرہ دنیا کو دکھایا جائے۔ اسی طرح دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان کیخلاف آبی دہشتگردی ہورہی ہے، کوئی طاقت بھی کسی ملک کے خلاف آبی جارحیت نہیں کرسکتی، بھارت سندھ طاس معاہدے پر آبی جارحیت کررہا ہے،اسی طرح کشمیر کو ہم کبھی بھی نہیں بھول سکتے، کشمیر ہمیشہ کی طرح ترجیح ہونی چاہیئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی