الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور ضمنی انتخاب کے نتائج کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے فارم 47 جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر نے فارم 47 جاری کیا، جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی کامیاب قرار پائے، جبکہ جی یو آئی پاکستان کے مولانا رشد اللہ شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔آغا شہباز خان درانی نے 72 ہزار 964 ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جی یو آئے کے امیدوار مولانا رشد اللہ شاہ 9 ہزار 489 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے، مجموعی طور پر 178 پولنگ سٹیشنز میں 88 ہزار 17 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق پی ایس 9 شکارپور ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح فیصد 31.68 فیصد رہی۔یاد رہے کہ یہ نشست آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 9 شکارپور کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز درانی کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پی پی پی امیدوار کی کامیابی دراصل گڑھی یاسین اور شکارپور کے عوام کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تیر کی فتح جمہوریت کی فتح ہے اور مرحوم آغا سراج درانی کے صاحبزادے کی کامیابی عوام کے پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ادھر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آغا شہباز علی درانی کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل طاقت اور کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی عوامی خدمت پر رکھی گئی ہے اور آغا شہباز درانی کی کامیابی ان کے والد مرحوم آغا سراج درانی کی حلقے میں عوامی خدمات کا تسلسل ہے۔وزیراعلی سندھ نے اس شاندار کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنان کو بھی دل کی
گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔سندھ کے وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے بھی پی ایس 9 کے انتخابات میں آغا شہباز درانی کی کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوامی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ آغا شہباز درانی کی فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک مضبوط عوامی جماعت ہے اور عوام آج بھی اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ضیاالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ پی ایس 9 کے عوام نے مرحوم آغا سراج درانی کی عوامی خدمات کو ان کے بیٹے کو کامیاب کرا کے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے فیصلے کو ہی اصل انصاف سمجھتی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے امید ظاہر کی کہ آغا شہباز درانی ایک عظیم سیاسی خاندان کے فرد ہونے کے ناطے اپنے بزرگوں کے مشن کو بھرپور انداز میں آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی