آزادکشمیر میں قانون کی حکمرانی ،ریاستی رٹ کی بحالی،میرٹ پر عملدرآمد اور عوامی مسائل کے فوری حل کے حوالے سے ضلع کوٹلی اس وقت سرفہرست ہے اور اس کا سہرامحنتی ،ایماندار،جرات مند اور انتہائی پیشہ وارانہ بیورو کریٹ ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کے سر جاتا ہے، سیاسی دبائو کے باجود کرپٹ پٹواریوں کے نہ صرف تبادلے کر دئیے گئے بلکہ کئی کے خلاف انکوائریاں بھی شروع کروائی گئی اور کئی ایک کو گرفتار بھی کروایا گیا ہے،سرکاری امور میں سیاسی مداخلت ، رشوت اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ بھی کر دیا گیا ہے۔یہ بات خبررساں ادارے '' آئی این پی ''کی جانب سے کرائے گئے ایک عوامی سروے میں سامنے آئی ہے جس میں عوام کی بھاری اکثریت نے ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی کارکردگی کو مثالی اور بہترین قرارد یا اورکہا کہ ضلع میں پہلی بار سفارش اور رشوت کے بغیر کام ہوجاتے ہیں۔ آزاد کشمیر سول سروس کے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ( ڈی ایم جی) کے پنتالیسویں کامن سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کا شمارریاست کے محنتی ، ایماندار، جرات مند اور انتہائی پیشہ وارانہ بیورو کریٹس میں ہوتا ہے، ریاست کے آبادی کے سب سے بڑے ضلع کوٹلی میں تعیناتی کے بعد قانون کی حکمرانی ،ریاست کی رٹ کی بحالی اورمیرٹ کو یقینی بناتے ہوئے عوامی مسائل کا فوری حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے معززین علاقہ اور شہریوں کا کہناتھاکہ میجر (ر) ناصر رفیق نے اپنی تعیناتی کے بعد سے ضلع بھر میں سیاسی مداخلت ، رشوت اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کر دیا جبکہ محنتی اور اچھی شہرت کے ملازمین کو بغیر کسی سفارش اچھی پوسٹنگ دینے کی روایت ڈالی ہے،محکمہ مال سے بد نام زمانہ اور رشوت خور عملے کو پبلک ڈیلنگ کے کاموں سے دور کر دیا گیا ہے ، سیاسی دبائو کے باجود با اثر پٹواریوں کے نہ صرف تبادلے کر دئیے گئے بلکہ کئی کے خلاف انکوائریاں بھی شروع کروائی گئی اور کئی ایک کو گرفتار بھی کروایا گیا ہے ، دوسری جانب ڈسپلن اور دفتری اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنردیگر افسران اور ملازمین کے لئے رول ماڈل بن چکے ہیں میجر(ر) ناصر رفیق نہ صرف خود بروقت دفتر پہنچتے ہیں بلکہ ان کے ماتحت اور تمام اداروں کے افسران اور ملازمین بھی دفتری اوقات کار کی پابندی کو یقینی بناتے ہیں، عوامی مسائل کے حل،شکایات کی سماعت اور ان پر عمل در آمد کے حوالے سے فوری احکامات کااجراء اور متعلقہ افسران کو سختی سے بروقت رپورٹ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے کئی بڑے یاستدان بھی ڈپٹی کمشنر کو سفارش کرنے سے گھبراتے ہیں کیونکہ کئی امو ر میں وہ کئی اہم حکومتی وزراء کی سفارش بھی مسترد کر چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی